قصور: شادی میں شریک جیب کتروں نے پکڑے جانے پر مہمانوں پر گولیاں چلادیں

کوٹ رادھا کشن بینکوئٹ ہال میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے جیب کتروں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں شادی میں شریک 2 مہمان زخمی ہوگئے۔
ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق کوٹ رادھا کشن پولیس نے بتایا کہ جیب کتروں کے ایک گروہ نے شادی کے مہمانوں کی جیبوں سے نقدی اور موبائل فون چوری کر لیے۔
دریں اثنا ایک خاتون نے ہنگامہ مچادیا، کیوں کہ اس کا پرس جس میں 3 لاکھ روپے نقدی اور موبائل فون تھا، وہ بھی گم ہو گیا تھا، شادی کے مہمانوں نے 2 مشتبہ جیب کتروں کو پکڑ ا، ان کے پاس سے پرس برآمد کیا اور ان کی پٹائی شروع کر دی۔
جب مہمانوں نے انہیں پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا، تو مہمانوں کی آڑ میں وہاں موجود ملزمان کے ساتھیوں نے خوف و ہراس پھیلانے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔
آخر کار، شادی کے شرکا مشتبہ افراد کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے، جب کہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں مبشر اور وقاص طاہر زخمی ہوگئے، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
ایک اور واقعہ میں تھانہ کھڈیاں کی حدود میں گاؤں کھنگروالا میں آتشزدگی سے ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق 22 سالہ عمر اپنے گھر کی چھت پر کھڑا تھا اور اپنی گلی میں شادی کا جلوس دیکھ رہا تھا۔
دریں اثنا ایک اور واقعے شادی میں شریک نامعلوم مہمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ایک گولی عمر نامی شخص کے پیٹ میں لگی، نوجوان کو فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔