پاکستان

کراچی میں سمندری ہوائیں معطل، آج بھی درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچنے کا امکان

شہر قائد میں بلوچستان سے گرم ہواؤں کی آمد کے باعث دن بھر لو کے تھپیڑے چلنے کی توقع، اتوار کو درجہ حرارت 40.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، محکمہ موسمیات
Welcome

کراچی میں سمندری ہوائیں معطل ہونے کی وجہ سے آج بھی ہیٹ ویو کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں 23 اپریل تک ہیٹ ویو کا امکان برقرار ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق شہر قائد میں آج بھی غیر فعال سمندری ہواؤں اور بلوچستان کی گرم ہواؤں کے باعث موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے، دن بھر لو کے تھپیڑے چلنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، بزرگ، اور بچوں کو گرم موسم میں خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے، پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کیا جائے۔

کراچی میں اتوار کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سال 2024 میں سندھ کے دارالحکومت کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے اور ہیٹ ویو کے پیش نظر میٹرک کے امتحانات ملتوی کردیے گئے تھے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کیا تھا، جس کے بعد وزیر تعلیمی بورڈ اور جامعات سندھ کے حکم پر ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے 21 سے 27 مئی کے درمیان ہونے والے میٹرک کے امتحانات ملتوی کیے تھے۔