کراچی: کلفٹن میں گھر کے اندر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والا شہری گرفتار
کراچی کے علاقے کلفٹن میں ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دینے والے شہری کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کلفٹن کے گھر سے 5 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع موصول ہوئی تھی، جب پولیس جائے وقوع پر پہنچی تو اسے اطلاع دینے والے شہری پر شک ہوا، جس پر پولیس نے گھر کی تلاشی لی۔
تلاشی کے دوران پولیس نے رقم گھر کے اندر سے برآمد کرکے شہری فواد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق شہری فواد نے والد کے نقصان کو چھپانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ کیا تھا، شہری نے اپنے اکاؤنٹ سے رقم نکال کر ڈکیتی کی جھوٹی اطلاع دی، شہری کے خلاف قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ دو ماہ قبل فروری میں راولپنڈی میں خواتین کی جانب سے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کروایا گیا تھا جو جعلی نکلا تھا، پولیس نے خاتون مدعی مقدمہ، اس کی سہیلی اور 2 ساتھیوں کو ہی گرفتار کرلیا تھا۔
تھانہ آر اے بازار کے علاقے میں ایک خاتون نے ڈکیتی کا مقدمہ کا درج کروایا تھا، جس میں خاتون نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس کے ساتھ ڈکیتی کی واردات ہوئی ہے۔
پولیس حکام نے مدعیہ کے بیان کی روشنی میں تفتیش شروع کی اور اس سے واقعے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، تاہم خاتون نے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی لیکن پولیس حکام اس ’ڈکیتی‘ کے اصل ملزمان تک پہنچ گئے تھے، ڈکیتی کا واقعہ پیش ہی نہیں آیا تھا بلکہ مدعی خاتون، اس کی سہیلی اور 2 ساتھی ہی اس واردات میں ملوث نکلے تھے۔