پاکستان

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی شیف ذاکر حسین 58 برس کی عمر میں انتقال کرگئے

شیف ذاکر حسین گردے کے عارضے میں مبتلا اور ڈائیلاسز پر تھے، علاج کیلئے امریکا بھی گئے تھے، نماز جنازہ آج ملیر سعود آباد میں ادا کی جائے گی، اہل خانہ

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی شیف ذاکر حسین گردے کے عارضے میں مبتلا رہنے کے بعد 58 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اہل خانہ کے مطابق شیف ذاکر حسین کا انتقال پیر کو کراچی میں ہوا، وہ کچھ عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ڈائیلاسز پر تھے۔

بھتیجے شایان قریشی کے مطابق شیف ذاکر گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے اور ان کا ڈائلاسز چل رہا تھا، انہوں نے بتایا کہ کہ شیف ذاکر امریکا میں زیر علاج تھے تاہم ڈاکٹروں کی جانب سے علاج کے حوالے سے جواب دیے جانے کے بعد وہ ایک ماہ قبل امریکا سے وطن واپس آگئے تھے۔

اہلخانہ کے مطابق شیف ذاکر کی نمازِ جنازہ آج بعد نماز عصر جامعہ رشیدیہ ملیر سعودآباد میں ادا کی جائے گی۔

یاد رہے کہ شیف ذاکر نے طویل عرصے تک ڈان نیوز پر کوکنگ شو ذاکرز کچن کی میزبانی کے فرائض بھی انجام دیے اور ناظرین کو مزیدار کھانوں کی تراکیب سے روشناس کرایا۔