پاکستان

راولپنڈی: شہریوں کو ہنی ٹریپ کے ذریعے لوٹنے والی خواتین، پولیس اہلکاروں سمیت 16 گرفتار

صدر بیرونی پولیس کی کارروائی میں پاکستانی نژاد مشرقی افریقی خاتون اور شوہر بھی پکڑا گیا، خواتین شہریوں کو بلاتی تھیں، نازیبا ویڈیوز بناکر بلیک میل کیا جاتا تھا۔
Welcome

راولپنڈی پولیس نے خواتین کو استعمال کرکے شہریوں کو ہنی ٹریپ کرکے لوٹ مار کرنے والے گینگز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے خواتین اور پولیس اہلکاروں سمیت 2 خطرناک گروہوں کو گرفتار کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ مجموعی طور پر شہریوں کو ہنی ٹریپ کرکے لوٹنے میں ملوث 16 ملزمان کی گرفتاری دوران ان سے نقدی اور اسلحہ بھی ملا۔

صدر بیرونی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی نژاد مشرقی افریقی خاتون اور اس کے شوہر سمیت 6 افراد کو گرفتار کیا، گینگ کے قبضے سے 2 لاکھ 50 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔

پولیس کے مطابق ہنی ٹریپ کے ذریعے سرکاری ملازمین، نوجوانوں اور بزرگوں کو لوٹنے والے تابی اور مرینہ نامی خواتین ملزمان سوشل میڈیا پر شہریوں سے رابطہ کرکے انہیں ملاقات کے بہانے بلا کر گینگ کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر لوٹ لیتی تھیں۔

صادق آباد پولیس نے آفتاب عرف تابی گینگ کے 10 ارکان کو گرفتار کیا، جن میں خواتین اور پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، گینگ کے قبضے سے 5 لاکھ روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔

گرفتار پولیس اہلکاروں میں ہیڈ کانسٹیبل فضل عباس، رضا عباس، کانسٹیبل مبشر انصر، افضال اور نعمان شامل ہیں۔

ملزمان شہریوں کو بلیک میل کر کے نازیبا ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے رقم بٹورتے تھے۔