کھیل

آئی پی ایل میں میچ فکسنگ کے الزامات، راجستھان رائلز ریڈار پر آگئی

راجستھان رائلز کی لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف غیر متوقع شکست کے بعد راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر جے دیپ بہانی نے اس میچ کو فکس قرار دیدیا۔

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کی لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف حالیہ شکست کے بعد ایک بار پھر سے میچ فکسنگ کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی پی ایل 2025 کا 36واں میچ 19 اپریل کو راجستھان رائلز اور لکھنؤ سپر جائنٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں لکھنؤ کی ٹیم 180 رنز بنائے جب کہ ہدف کے تعاقب میں میچ آخر تک راجستھان کے کنٹرول میں تھا اور آخری اوور میں انہیں صرف 9 رنز درکار تھے، ان کی 6 وکٹیں بھی باقی تھیں لیکن اس کے باوجود وہ 2 رنز سے میچ ہارگئے۔

لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف غیر متوقع شکست کے بعد راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کے کنوینر جے دیپ بہانی نے اس میچ کو فکس قرار دے دیا۔

جے دیپ بہانی کا کہنا تھا کہ اپنے ہوم گراؤنڈ پر جب ٹیم کو صرف چند رنز درکار تھے وہ ایسے کیسے ہارسکتے ہیں، بچے بچے کو معلوم ہے کہ یہ میچ فکس تھا۔

جے دیپ بہانی نے نہ صرف ٹیم کی کارکردگی پر شکوک کا اظہار کیا بلکہ راجستھان رائلز، راجستھان اسپورٹس کونسل اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) پر بھی الزام عائد کیا کہ وہ ملی بھگت سے راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کی ایڈہاک کمیٹی کو آئی پی ایل سے متعلق سرگرمیوں سے الگ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایڈہاک کمیٹی کو ریاستی حکومت نے مقرر کیا تھا اور اس نے ضلعی سے قومی سطح تک کے تمام ایونٹس کامیابی سے منعقد کروائے ہیں لیکن جب آئی پی ایل آیا تو اسپورٹس کونسل نے سارا کنٹرول سنبھال لیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ابتدا میں بھارتی کرکٹ بورڈ نے آئی پی ایل سے متعلقہ مواصلات راجستھان کرکٹ ایسوسی ایشن کو بھیجے لیکن مقامی اسپورٹس کونسل اور راجستھان رائلز نے ایڈہاک کمیٹی کو نظر انداز کیا۔

دوسری جانب، آئی پی ایل فرنچائز راجستھان رائلز کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ، وزیر کھیل اور سیکریٹری کھیل کو باقاعدہ شکایت درج کرتے ہوئے جے دیپ بہانی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

راجستھان رائلز کے سینئر عہدیدار دیپ رائے نے ان بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں ’بے بنیاد‘ قرار دے دیا۔