پاکستان

اسلام آباد: شادی کی تقریب کے بہانے لے جاکر خواجہ سرا کا بندوق کی نوک پر گینگ ریپ

ایف 10 مرکز سے ایک شخص شادی کا کہہ کر جی 13 میں واقع گھر لے گیا، جہاں اس کا ساتھی موجود تھا، دونوں نے تشدد کیا، سونا، موبائل، نقدی بھی لوٹ لی، مقدمہ درج
Welcome

اسلام آباد میں خواجہ سرا کو ایک گھر میں بند کرکے بندوق کی نوک پر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ڈان اخبار میں شائع خبر کے مطابق حملہ آوروں نے بندوق کی نوک پر اس سے نقدی، سونا اور موبائل فون بھی لوٹ لیا۔

متاثرہ خواجہ سرا کی شکایت پر ملزمان کے خلاف شالیمار تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق خواجہ سرا کو ایف 10 مرکز سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بہانے ایک شخص اپنے ساتھ جی -13/جی -14 میں واقع ایک گھر میں لے گیا۔

خواجہ سرا نے بتایا کہ گھر پہنچنے پر اس شخص نے ایک اور ساتھی کے ساتھ مل کر اس کی پٹائی شروع کردی اور پھر اس کا جنسی استحصال کیا۔

متاثرہ خواجہ سرا نے پولیس کو بتایا کہ اس کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی اور اسے جسمانی تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

ملزمان نے آدھا تولہ سونے کے زیورات (تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار روپے مالیت)، انفینکس نوٹ 30 موبائل فون (تقریباً 45 ہزار روپے مالیت) اور 17 ہزار روپے نقدی بھی لوٹ لی۔