پاکستان

نہروں کے تنازع پر پیشرفت، بلاول بھٹو کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات متوقع

پیپلز پارٹی کے تحفظات کو سنا جائے گا، نہروں کے منصوبے کی ری ڈیزائننگ کا بھی امکان، وزیراعلیٰ سندھ بھی اسلام آباد میں موجود ہیں، ذرائع
Welcome

سندھ اور پنجاب کے درمیان نہروں کے تنازع پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات آج ہونے کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی ملاقات میں نہروں کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، ملاقات میں نہروں کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے تحفظات کو سنا جائے گا، ملاقات میں نہروں کے منصوبے کی ری ڈیزائننگ کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو بھی اسلام آباد پہنچے ہیں، کینالز کے معاملے پر وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان بھی آج ملاقات کا امکان ہے۔

پیپلزپارٹی کے ذرائع کے مطابق کینالز کے معاملے پر وفاقی حکومت کا سندھ حکومت سے رابطہ ہوا تھا، وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان ملاقات طے پائی تھی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان آج ملاقات نہ ہونے کی صورت میں ملاقات کل ہوگی۔

ملاقات میں کینالز کے معاملے پر وفاق اور سندھ کےدرمیان جاری تنازع پر غور کیا جائےگا، مراد علی شاہ وزیراعظم کو کینالز سے متعلق سندھ کے تحفظات سے آگاہ کریں گے۔