لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئیں
مرنے والوں میں میاں بیوی عبداللہ، صائمہ نواز کے علاوہ علی حسین، آصف علی، زاہد اور وسیم شامل، تعلق منڈی بہاالدین، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ سے ہے، میتیں ورثا کے سپرد
لیبیا میں کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے 6 پاکستانیوں کی میتیں لاہور ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔
ڈان نیوز کے مطابق جاں بحق افراد میں سے 3 کا تعلق منڈی بہاالدین، 2 کا گوجرانوالہ اور ایک کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔
کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے عبداللہ اور صائمہ نواز میاں بیوی تھے، جب کہ دیگر جاں بحق افراد میں سید علی حسین، آصف علی، زاہد محمود اور محمد وسیم شامل ہیں۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کی ریجنل ہیڈ سیدہ صبا فاطمہ حسن، سید عادل شاہ ڈپٹی ڈائریکٹر او پی ایف اور رشید احمد ڈوگر ایئر پورٹ انچارج او پی ایف نے لاہور ایئرپوٹ کے کارگو ڈپارٹمنٹ سے میتیں وصول کرکے ورثا کے حوالے کیں۔
کشتی حادثہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب لیبیا کے مشرقی ساحل پر پیش آیا تھا۔