لندن: پاکستانی ہائی کمیشن پر بھارتی انتہاپسندوں کا حملہ، عمارت کے شیشے توڑ دیے
پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر انتہا پسند بھارتیوں نے حملہ کرکے عمارت کے شیشے توڑ دیے۔
ڈان نیوز کے مطابق پہلگام فالس فلیگ آپریشن کی ہزیمت پر بیرون ملک مقیم بھارتی شرپسند بھی حواس باختہ ہوگئے۔
لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن پر بھارتی انتہا پسند ہندوؤں نے حملہ کردیا اور اس دوران پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت کے شیشے توڑے، جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی موجود ہیں۔
بھارتی انتہا پسند ہندوؤں نے پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر فساد اور ہنگامہ آرائی کرنے اور عمارت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
شرپسندوں کی جانب سے پاکستانی ہائی کمیشن کی عمارت پر سرخ رنگ بھی پھینکا گیا جب کہ پاکستانی ہائی کمیشن کے حکام نے میٹرو پولیٹن پولیس کو اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔
بعد ازاں، لندن پولیس نے ایک بھارتی انتہا پسند کو گرفتار بھی کرلیا۔
خیال رہے کہ جمعہ کی شام بھارتی شرپسندوں نے پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا، اس دوران سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ میٹروپولیٹن پولیس نے اور نازیبا حرکات کرنے پر 2 بھارتی شہریوں کو حراست میں لیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 22 اپریل کو 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد 23 اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔
بعد ازاں، اگلے روز (24 اپریل) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا اور کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔