پاکستان

لاہور: گھروں میں کام کے بہانے چوریاں کرنیوالے خواتین گینگ کی سرغنہ گرفتار، 40 تولہ سونا برآمد

ملزمہ اپنی ساتھیوں کی مدد سے متعدد وارداتیں کرچکی تھی، فوٹیج، ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا، مال مسروقہ متاثرہ شہریوں کے سپرد کر دیا، پولیس حکام
Welcome

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پولیس نے خواتین چور گینگ کی سرغنہ کو گرفتار کرکے کروڑوں روپے مالیت کے زیورات اور موبائل فونز برآمد کر لیے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن انویسٹی گیشن پولیس نے پیشہ ور ملزمہ کو گرفتار کیا اور ملزمہ کی نشاندہی پر ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 40 تولہ سونا، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیا برآمد کرلیں۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ ملزمہ اور ساتھی خواتین گھروں میں کام کاج کے بہانے داخل ہوتی تھیں، اور گھر والوں کی غیر موجودگی یا موقع ملتے ہی گھر کا صفایا کر کے فرار ہو جاتی تھیں۔

پولیس حکام کے مطابق ملزمہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

خواتین چور گینگ کی سرغنہ کو سی سی ٹی وی کیمروں اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے، ایس پی انویسٹی گیشن اقبال ٹاؤن نے برآمد ہونے والا مال مسروقہ مدعیان کے سپرد کر دیا۔