جڑواں شہروں میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش، ہری پور میں گردوغبار کا شدید طوفان
اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، ہری پور میں طوفانی ہواؤں سے دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق، دو زخمی ہوگئے، واسا راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے درجہ حرارت میں گرگیا ہے۔
اسلام آباد میں آندھی کے دوران پولیس ہیڈ کوارٹر میں درخت گر گیا جس کی زد میں آکر ایک پولیس اہلکار وحید زخمی ہوگیا جسے علاج معالجے کیلئے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ترجمان واٹر اینڈسیوریج اتھارٹی ( واسا ) راولپنڈی کے مطابق جڑواں شہروں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی پر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ترجمان واسا کے مطابق راولپنڈی میں عملہ بھاری مشینری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اب تک سیدپور میں 8 اور گولڑہ میں7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں آج ( جمعرات کو) گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔
دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں گردو غبار کے شدید طوفان سے ہر طرف اندھیرا چھا گیا ہے اور دن میں رات کا سماں ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ہری پور کے علاقے خان پور میں طوفانی ہواؤں سے دیوار گرگئی جس کے نیچے دب کر ایک بچہ جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق خانپور ڈیم پر تیز آندھی کی وجہ سے کشتی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں اس میں سوار ایک ہی خاندان کے 6 افراد ڈیم میں ڈوب گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈوبنے والے افراد کوبچانےکےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، جبکہ ڈوبنے والوں میں ایک بچہ اور بچی بھی شامل ہے۔
دوسری جانب سرائے صالح شاہراہ ریشم پر کئی درخت گرنے سے ٹریفک معطل ہوگئی،پولیس نے شاہراہ ریشم سے درخت ہٹانے کیلئےبھاری مشینری طلب کرلی ہے۔
گردوغبار کے طوفان کے ساتھ ہی ضلع بھر میں بجلی غائب ہوگئی ہے جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔
ویدر اپڈیٹ پی کے نے فیس بک پر پوسٹ کیا کہ ہری پور میں طوفانی بارش ہو رہی ہے، اس وقت شام کے 4 بج کر 25 منٹ پر ہو رہے ہیں جبکہ دن رات میں بدل گیا۔
ویدر اپڈیٹ پی کے نے ایک اور پوسٹ میں کہا کہ مری میں اس وقت ژالہ باری ہو رہی ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے صوبہ بھرکےڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنےکی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 1122 سمیت دیگر ریسکیو ادارے مشینری سمیت عملے کو الرٹ رکھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری احتیاط کریں اور بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، شہری غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور گاڑی آہستہ چلائیں۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں اور آندھی کا سلسلہ 4 مئی تک جاری رہنے کی پیش گوئی ہے، شہری مدد کیلئے پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کر سکتے ہیں۔