کھیل

ٹی20 لیگ میں منشیات کے استعمال پر فاسٹ باؤلر پر پابندی عائد

3 اپریل کو ربادا کی اچانک آئی پی ایل چھوڑنے کی خبر سامنے آئی تھی، ان کی فرنچائز گجرات ٹائٹنز نے کہا تھا وہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے وطن واپس گئے ہیں۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلر کگیسو ربادا کی اچانک انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) چھوڑ کر وطن واپس جانے کی وجہ سامنے آگئی، انہوں نے ٹی20 لیگ کے دوران منشیات تفریح کے طور پر منشیات استعمال کرنے کا اعتراف کیا جس کے باعث انہیں معطلی کا سامنا کرنا پڑا۔

کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق آئی پی ایل فرنچائز گجرات ٹائٹنز میں شامل ربادا 3 اپریل کو آئی پی ایل چھوڑ کر اچانک وطن واپس جانے کی خبر سامنے آئی تھی۔

اس وقت ربادا کی ٹیم گجرات ٹائٹنز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ فاسٹ باؤلر ذاتی وجوہات کے باعث وطن واپس گئے ہیں تاہم بیان میں کوئی وضاحت نہیں کی تھی کہ وہ دوبارہ ٹیم کو کب جوائن کریں گے۔

ربادا کی یہ خلاف ورزی رواں سال جنوری، فروری میں منعقدہ ساؤتھ افریقین (ایس اے) 20 لیگ کے دوران ہوئی تھی،اگرچہ ان پر عائد پابندی کی مدت کی تصدیق ابھی نہیں ہوئی، مگر وہ دوبارہ بھارت پہنچ چکے ہیں۔

جنوبی افریقی کرکٹرز ایسوسی ایشن (ایس اے سی اے) کے ذریعے جاری کردہ بیان میں ربادا نے اپنے عمل پر معذرت کرتے ہوئے کہا ’جیسا کہ رپورٹ کیا گیا ہے کہ میں حال ہی میں ذاتی وجوہات کی بنا پر آئی پی ایل سے جنوبی افریقہ واپس آیا تھا تاہم، اس کی اصل وجہ میری ڈوپنگ رپورٹ مثبت آنا تھی جو تفریح میں منشیات کے استعمال کی وجہ سے ہوئی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ان تمام لوگوں سے معذرت خواہ ہوں جنہیں میں نے مایوس کیا جب کہ میرے لیے کرکٹ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں اور یہ میرے ذاتی مقاصد سے بڑھ کر ہے۔

فاسٹ باؤلر نے مزید کہا کہ میں اس وقت عارضی معطلی کی سزا بھگت رہا ہوں اور کھیل میں واپسی کے لیے پرجوش ہوں جب کہ میں اپنے دوستوں اور خاندان کا شکریہ جنہوں نے مجھے سمجھا اور بے پناہ محبت دی’۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ لمحہ میری شناخت طے نہیں کرے گا، میں ہمیشہ کی طرح محنت کرتا رہوں گا اور اپنے کھیل سے لگن اور جوش کے ساتھ وابستہ رہوں گا۔

جنوبی افریقی کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس معاملے سے متعلق مزید سوالات کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔

کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ربادا کے مزید کرکٹ میچز، بشمول جون میں آسٹریلیا کے خلاف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شرکت پر کوئی خدشات نہیں ہیں۔