پاکستان

پنجاب: فیصل آباد میں 48 گھنٹوں کے دوران 15 خواتین اغوا، مقدمات درج، تلاش شروع

خانیوال میں لڑکی سے دوستی کے شبہ میں بااثر ملزمان کا نوجوان پر تشدد، ویڈیو وائرل کردی، ملتان میں نوجوان نے دوستی سے انکار پر خواجہ سرا پر تیزاب پھینک دیا

صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں خواتین کے اغوا میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں سے 15 خواتین اغوا کی گئیں۔

اغوا کے واقعات کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے ہیں، پولیس نے مغوی خواتین کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔

لڑکی سے دوستی کے شبہ میں نوجوان کی تذلیل

خانیوال میں لڑکی سے دوستی کے شبہ میں بااثر ملزمان نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تذلیل کی، ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر وائرل بھی کردی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔

خانیوال کے تھانہ کہنہ کی حدود میں بااثر ملزمان نے نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنایا اور تذلیل کی۔

اس کے بعد ملزمان نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی، تھانہ کہنہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مزکزی ملزم کو گرفتار کرلیا، جب کہ مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

ملتان میں دوستی سے انکار پر خواجہ سرا پر تیزاب پھینک دیا

ملتان میں ایک نوجوان نے دوستی سےانکار پر خواجہ سرا پر تیزاب پھینک دیا، اور فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق خواجہ سرا پر تیزاب گردی کا واقعہ محمد پور گھوٹا میں پیش آیا، ملزم محمد رئیس خواجہ سرا سے دوستی کرنا چاہتا تھا۔

خواجہ سرا نے دوستی سےانکار کیا، تو ملزم طیش میں آگیا، اور خواجہ سرا کو تشدد کا نشانہ بنایا، تیزاب پھینک کر فرارہوگیا۔

تیزاب گردی سے متاثرہ خواجہ سرا کو نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ملزم کی تلاش جاری ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔