بھارت کسی بھی وقت حملہ کرسکتا ہے، جواب دینے کیلئے تیار ہیں، وزیردفاع
وزیردفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کسی بھی وقت ایل او سی پر حملہ کرسکتا ہے، ہم ہر لمحہ بھارت کے حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
ڈان نیوز کے پروگرام ’ لائیو ود عادل شاہ زیب ’ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مودی کی جارحیت کی بڑی وجہ ان کی اندرونی سیاست ہے، بھارت اپنے عوام کو مطمئن کرنے کیلئے کوئی نہ کوئی واردات ضرور کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی وقت ایل او سی پر حملہ کرسکتا ہے، مگر ہم ہر لمحہ بھارت کے حملے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی سطح پر مودی کے ایڈونچر کی ساکھ پر سوالات اٹھ رہے ہیں، دنیابھر میں بھارت کی اسٹور ی کو مستند نہیں سمجھا گیا۔
پہلگام حملے کے حوالے سے وزیردفاع نے کہا کہ پہلگام ڈراما بھارتی حکومت نے منصوبہ بندی کے تحت کرایا، مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں فوجیوں کی موجودگی میں ایسی کارروائی ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے بھی مودی کے ڈرامے کے خلاف آوازیں بلند ہورہی ہیں، بھارت پہلگام واقعے کی تحقیقات کرانے کے لیے تیار نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ انڈیا کسی بھی انٹرنیشنل فورم پر ایف آئی آر درج کرائے ، جوپہلگام واقعے کی تحقیقات کرائے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی وارداتیوں والی باتیں نہ کریں، ہم پہل نہیں کریں گے مگر بھارت کے حملے کا بھرپور جواب دیں گے۔
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ وفاداری کسی شخصیت کی معرفت نہیں ہونی چاہیے۔