ملک میں افواہوں کا بازار گرم، اسلام آباد میں جعلی سائرن بجادیے گئے

لاہور میں واہگہ بارڈر کے قریب سیکیورٹی الرٹ کی جعلی ایڈوائزری جاری کردی گئی، ڈپٹی کمشنر کا شہریوں کو پریشان نہ ہونے کا مشورہ

پاک بھارت کشیدگی کے ساتھ ہی ملک میں افواہوں کا بازار گرم ہوگیا، لاہور میں واہگہ بارڈر کے قریب سیکیورٹی ہائی الرٹ کی جعلی ایڈوائزری جاری کردی گئی جبکہ اسلام آباد میں جعلی سائرن بجادیے گئے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے فیس بک پر جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ کچھ افراد جعلی سائرن بجا کر اسلام آباد میں خوف و ہراس پھیلا رہے ہیں۔

ڈی سی نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہا کہ عوام کو افواہوں سے بچنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

پوسٹ میں لوگوں سے غیر مصدقہ معلومات پر بھروسہ نہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں ضلعی انتظامیہ سوشل اور الیکٹرانک میڈیا پر تصدیق شدہ اعلان جاری کرے گی، امن و امان میں خلل ڈالنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی تصدیق کے بغیر کسی بھی معلومات کو درست نہیں سمجھا جانا چاہیے، صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پر بھروسہ کریں۔

دوسری جانب لاہور میں واہگہ بارڈر کے قریب سیکیورٹی الرٹ کی جعلی ایڈوائزری جاری کردی گئی۔

ڈپٹی کمشنر آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واہگہ بارڈر کے قریب سیکیورٹی الرٹ کی ایڈوائزری جعلی ہے، شہری پریشان نہ ہوں۔

ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ واہگہ بارڈر یا ملحقہ علاقوں میں کوئی واقعہ نہیں ہوا، جعلی ایڈوائزری میں ڈی ایچ اے فیز 8، عسکری 11، پیراگون سٹی، گرین سٹی کا ذکر ہے، یہ ایڈوائزری جعلی ہے، شہری افواہوں پر یقین نہ کریں۔