پاکستان

کراچی: ایف آئی اے نے یو اے ای سے آنے والے 4 مشتبہ انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا

انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی اسمگلنگ کی آڑ میں جسم فروشی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے، ایف آئی اے

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آنے والے 4 ملزما کو گرفتار کر لیا، جو مبینہ طور پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں۔

ایف آئی اے کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ کراچی ایئر پورٹ پر آپریشن کے بعد تعلق رکھنے والے 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا، جو متحدہ عرب امارات میں غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے اضلاع حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین اور گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے مشتبہ افراد کو متحدہ عرب امارات کے حکام نے گرفتار کیا اور سزا مکمل ہونے پر انہیں پاکستان بھیج دیا گیا ۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ وہ ہنگامی پاسپورٹ پر پاکستان آئے تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ کی آڑ میں جسم فروشی کے خلاف عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کراچی کے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ایف آئی اے تمام تر وسائل کو انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ جنوری میں یونان میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کے واقعے میں پاکستانی شہریوں کی اموات کے بعد انسانی اسمگلنگ میں ملوث 35 ایف آئی اے افسران اور اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا۔

اس سے چند روز قبل وزیراعظم کی زیر صدارت یونان میں کشتی الٹنے کے حادثے میں پاکستانیوں کی اموات اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا تھا۔

اجلاس کے دوران شہباز شریف نے 2023 کے کشتی حادثے کے بعد ایسے عناصر کے خلاف کارروائی میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سست روی میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت کی تھی۔