پاکستان

لاہور: 19 سالہ لڑکی کو سگے اور سوتیلے والد کی جانب سے ملکر قتل کیے جانے کا انکشاف

اندھے قتل کا معمہ پولیس نے حل کرلیا، سوتیلا باپ شہباز پکڑا گیا، سگا باپ تاحال مفرور، ملزمان نے فریحہ کو قتل کرکے لاش کچرے کے ڈھیر پر پھینک دی تھی۔
Welcome

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 19 سالہ لڑکی کو سگے اور سوتیلے والد کی جانب سے مل کر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے اندھے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے سوتیلے باپ کو گرفتار کرلیا جبکہ سگا باپ تاحال مفرور ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق 19 سالہ فریحہ کے اندھے قتل کا معمہ لاہور پولیس نے حل کرلیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی واردات میں لڑکی کا سگا والد اور سوتیلا باپ ملوث تھا، جس میں سے ایک ملزم شہباز کو گرفتار کرلیا ہے، جو لڑکی کا سوتیلا والد ہے۔

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اقبال ٹاؤن نے بتایا کہ اندھے قتل میں بچی کی شناخت فریحہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزمان نے بچی کا قتل کر کے لاش کچرے کے ڈھیر پر پھینک دی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور جدید ٹیکنالوجی سے ملزمان کی شناخت کی گئی، ہنجروال پولیس نے شناخت کے بعد سوتیلے باپ شہباز کو فوری گرفتار کر لیا۔

پولیس نے مقتولہ کے حقیقی باپ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے، جلد دوسرے ملزم کو بھی پکڑ کر قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جس سے کیس کے مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔