پاکستان

لاہور: کم عمر ڈرائیور کی تیز رفتاری نے 3 زندگیوں کے چراغ گل کردیے

کینال روڈ پر تیز رفتار کار کھمبے سے ٹکرا کر نہر میں جاگری، ڈرائیور اور دونوں دوست بھی کم عمر تھے، ریسکیو اہلکاروں نے لاشیں جناح ہسپتال منتقل کر دیں۔
Welcome

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں تیز رفتاری اور کم عمر ڈرائیور کی غفلت خوفناک حادثے کا سبب بن گئی، کینال روڈ پر کار نہر میں گرنے سے 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لاہور میں جاہر ٹاؤن کے قریب کینال روڈ پر افسوس ناک حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، مرنے والوں کی لاشیں گاڑی سے نکال کر ریسکیو حکام نے جناح ہسپتال منتقل کی ہیں، حادثے میں 3 نوجوان جاں بحق ہوئے، کار ڈرائیور سمیت تینوں کم عمر تھے۔

عینی شاہدین کے مطابق تیز رفتار کار فٹ پاتھ پر لگے بجلی کے کھمبے سے ٹکرائی اور نہر میں گر گئی، کار چلانے والے نوجوان کی شناخت 16 سالہ حمزہ علی کے نام سے ہوئی۔

حادثے کے بعد ریسکیو اہلکار مقامی افراد کی مدد سے کار نکالنے کی کوشش کرتے رہے، 3 گھنٹے کے آپریشن کے بعد کرین کی مدد سے نہر میں پھنسی گاڑی کو نکالا گیا۔

حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

حکام کے مطابق قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، لاشیں جلد ورثا کے سپرد کی جائیں گی۔