کھیل

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری

وفاقی کابینہ کے فیصلےکے تحت وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیے، پاک فوج کی تعیناتی آرٹیکل 245 جبکہ سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 کے تحت ہوگی۔
Welcome

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے، وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیے۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت وزارت داخلہ نے رواں ہفتے پاکستان کا دورہ کرنے والی بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔

بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیم 25 مئی کو پاکستان کے دورے پر پہنچے گی، جس کی سیکیورٹی کے لیے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی سیکیورٹی اور پروٹیکشن ڈیوٹیز کے لیے ہوگی، پاک فوج کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت ہوگی جبکہ سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیکیورٹی کی فراہمی سے متعلق درخواست کی تھی، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا شیڈول ہے، ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا میچ 28 مئی، دوسرا 30 مئی اورآخری میچ یکم جون کو لاہور میں ہوگا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دبئی میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے حکام کو سیریز کے لیے آمادہ کیا تھا۔