پاکستان

لودھراں: 9 سال قبل اغوا کی جانے والی خاتون بازیاب

ملزمان کو آئی ٹی ٹیم اور دنیا پور سرکل پولیس نے سخت کوششوں کے بعد گرفتار کیا، پولیس

پنجاب کے ضلع لودھراں میں اغوا کی جانے والی خاتون کو پولیس نے 9 سال بعد بازیاب کرا لیا جبکہ 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ پولیس نے منی یزمان کے علاقے میں کارروائی کی اور خاتون کو بازیاب کرایا۔

پولیس نے خاتون کے اغوا میں مبینہ طور پر ملوث چار افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا جو صدر دنیا پور پولیس کو مطلوب تھے۔

ترجمان پولیس نے بتایا کہ ملزمان 9 سال سے مفرور تھے اور مغوی خاتون کی بازیابی ایک چیلنج تھا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ملزمان کو آئی ٹی ٹیم اور دنیا پور سرکل پولیس نے سخت کوششوں کے بعد گرفتار کیا، ملزمان 100 مفرور افراد کی فہرست میں شامل تھے۔

سی سی ڈی کے ڈائریکٹر آپریشنز کے حوالے سے بیان میں کہا گیا کہ پولیس اپنے فرائض میں غفلت نہیں برتتی اور عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرموں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔