لائف اسٹائل

سابق شوہر اور اس کی بیوی سے دوستانہ تعلقات ہیں، ماہرہ خان

اداکارہ نے اپنی پہلی شادی کو بھی اپنے لیے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ پہلی شادی نہ کرتیں تو انہیں دنیا کی سب سے بہترین اور قیمتی چیز بیٹا اذلان نہ ملتا۔

اداکارہ ماہرہ خان نے کہا ہے کہ اب بھی ان کے سابق شوہر اور ان کی بیوی کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں، انہیں پہلی شادی ختم ہونے پر زیادہ پچھتاوا نہیں۔

ماہرہ خان نے پہلی شادی 2007 میں علی عسکری سے کی تھی، جن سے ان کے ہاں ایک بیٹے (اذلان) کی پیدائش ہوئی تھی اور شادی کے 8 سال بعد 2015 میں طلاق ہوگئی تھی۔

بعد ازاں ماہرہ خان نے اکتوبر 2023 میں کاروباری شخص سلیم کریم سے دوسری شادی کرلی تھی۔

ماضی میں بھی ماہرہ خان اپنی پہلی شادی، طلاق اور سابق شوہر سے تعلقات پر بات کر چکی ہیں لیکن اب ایک بار پھر انہوں نے پہلے شوہر سے سے روابط پر گفتگو کی ہے۔

حال ہی میں ماہرہ خان نے احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پہلی اور دوسری شادی پر بھی بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ اگرچہ وہ چند سال قبل ہی دوسری شادی کرنا چاہتی تھیں لیکن اس وقت ان کے بیٹے اذلان چھوٹے تھے، اس لیے انہیں ان کی رضامندی بھی درکار تھی۔

ان کے مطابق ان کی خواہش تھی کہ انہیں بیٹا خود دوسری شادی کے لیے کہے، اس لیے انہوں نے ان کے بڑے ہونے کا انتظار کیا اور دوسری شادی کے لیے بیٹے ہی انہیں حوصلہ دیا۔

ماہرہ خان نے تسلیم کیا کہ بیٹے کے چھوٹے ہونے کے وقت وہ جب دوسری شادی کا سوچتی تھیں تو ان کے ذہن میں یہی خیال آیا تھا کہ اگر دوسری شادی بھی نہ چل سکی تو ان کے بیٹے کا کیا ہوگا؟

ان کے مطابق چوں کہ وہ اپنے بیٹے سمیت باقی اہل خانہ کے ساتھ اچھی زندگی گزار رہی تھیں، اس لیے دوسری شادی کا رسک لینے سے بھی کتراتی تھیں لیکن جب بیٹا بڑا ہوا تو انہوں نے فیصلہ لیا اور بیٹے نے بھی انہیں دوسری شادی کرنے کا کہا۔

اسی دوران انہوں نے اپنی پہلی شادی کو بھی اپنے لیے تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اگر وہ پہلی شادی نہ کرتیں تو انہیں دنیا کی سب سے بہترین اور قیمتی چیز بیٹا اذلان نہ ملتا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں پہلی شادی سے بیٹا ہوا، جو ان کے لیے سب سے بہترین تحفہ ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پہلی شادی ختم ہونے کے باوجود ان کے سابق شوہر علی عسکری اور ان کی بیوی زارا سے اچھے اور دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں پہلی شادی ختم ہونے پر کوئی پچھتاوا نہیں، وہ پہلی شادی کو اپنے لیے بہترین تحفہ سمجھتی ہیں۔

ناکام شادی اور طلاق پر ماہرہ خان کی پہلی مرتبہ تفصیلی گفتگو

ماہرہ خان نے بزنس مین سلیم خان سے شادی کرلی

شادی کے وقت بیٹے کے ساتھ ہونے پر بات کرتے ہوئے ماہرہ خان جذباتی ہوگئیں