کھیل

شاہین آفریدی کو مس نہیں کریں گے، ہمارے پاس اچھے باؤلرز موجود ہیں، سلمان آغا

پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ کوئی بھی کسی بھی کھلاڑی کو ری پلیس کرسکتا ہے، کوشش ہے نوجوانوں اور سینئر کھلاڑیوں کو ایک ساتھ لے کر چلیں، ٹی20 کپتان کی پریس کانفرنس

قومی ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا ہے کہ پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ کوئی بھی کسی بھی کھلاڑی کو ری پلیس کرسکتا ہے جب کہ سیریز میں شاہین آفریدی کو مس نہیں کریں گے کیوں کہ ہمارے پاس دیگر اچھے باؤلرز موجود ہیں۔

لاہور میں ٹرافی کی رونمائی کے بعد سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی اور بنگلہ دیش اچھی ٹیم ہے کوشش کریں گے اس سیریز میں بہترکرکٹ کھیلیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے کسی ایک کھلاڑی کو نشانہ یا حدف نہیں بنایا سب کے لیے تیاری کی ہے جب کہ دنیا میں ماڈرن کرکٹ کو فولو کررہے ہیں اور ہماری بھی یہی کوشش ہے کہ اسی کو فولو کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سفیان مقیم مجھے بھی پسند ہیں، وہ ہمارے وائٹ بال کرکٹ کا حصہ ہیں، سفیان لاہور کی وکٹوں پر زیادہ اثرانداز نہیں ہوئے، اس لیے ایک فاسٹ بولر کو شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کو مس نہیں کریں گے ہمارے پاس دیگر بولرز بھی اچھے ہیں جب کہ ہمارے پاس ایسے پلیئرز موجود جو کسی بھی پلیئر کو کسی بھی وقت ریپلیس کر سکتے ہیں جب کہ شاہین آفریدی اور بابراعظم نے ماضی میں پاکستان کو کافی میچز جتوائے ہیں۔

سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی کنڈیشن کے مطابق ٹیم تیار کرنے کی کوشش کررہے ہیں، کوشش ہے کہ نوجوانوں اور سینئر کھلاڑیوں کو ایک ساتھ لے کر چلیں، ٹیم کا ایک پول تیار کررہے ہیں تاکہ اگر کوئی انجرڈ ہو تو اس کو ری پلیس کرنے کے لیے تیار ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم کی حکمتِ عملی ابھی نہیں بتا سکتا لیکن ہم نے اپنی حکمتِ عملی تیار کی ہے، کپتان اور کوچ کی رائے پہلے دور میں بھی تھی اور اب بھی کوچ اور میں پلئنگ الیون تیار کریں۔

ٹی20 ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ حسن نواز نے پی ایس ایل میں مڈل آرڈر میں پرفارم کیا اس لئے ان کو مڈل آرڈر بلے باز سمجھیں گے جب کہ اسکواڈ میں موجود کھلاڑیوں کو کھلانے کی کوشش کریں گے تاکہ اسکواڈ زیادہ مضبوط بنے۔