دنیا

غزہ میں صورتحال انتہائی تشویشناک، فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا وقت آچکا، پاکستانی مندوب

غزہ کی تباہی کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ اس کا ذمے دار اسرائیل ہے، غزہ میں پورے طبی نظام کو منصوبے کے تحت تباہ کردیا گیا ہے، عاصم افتخار کا سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب
Welcome

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا وقت آچکا ہے، غزہ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور سفیر عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،غزہ کی تباہی کوئی قدرتی آفت نہیں بلکہ اس کا ذمے دار اسرائیل ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی روکنے کا وقت آچکا ہے، ہمیں مظالم کو معمول نہیں بننے دینا چاہیے۔

انہوں نےمزید کہا کہ غزہ میں پورے طبی نظام کو منصوبے کے تحت تباہ کردیا گیا ہے، اور غزہ کی 100سے زائدطبی سہولیات پر حملے کیے گئے اور طبی اہلکاروں کو قتل اور ایمبولینوں کو تباہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں غذائی قلت سے 57 بچے جان دے چکے ہیں اور ہر پانچ میں سے ایک شہری کو بھوک سے موت کا خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں فلسطینیوں کی شہادتیں 54 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔