دنیا

اسرائیل نے غزہ جنگ بندی کی نئی تجویز پر دستخط کر دیے، وائٹ ہاؤس

اسرائیل کی جانب سے منظوری کے بعد ہی یہ تجویز حماس کو بھیجی گئی، ترجمان وائٹ ہاؤس
Welcome

وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ جنگ بندی کی تازہ ترین تجویز پر دستخط کر دیےہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے جمعرات کو کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے لیے امریکا کی تازہ ترین ( نئی ) جنگ بندی کی تجویز پر دستخط کردیےہیں، جس کے بعد نئی تجویز فلسطینی مزاحمتی گروپ حماس گروپ کو بھیجی گئی۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف نے اسرائیل کی منظوری کے بعد ہی یہ تجویز حماس کو پیش کی تھی۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے ایک بریفنگ میں کہا کہ میں اس بات کی بھی تصدیق کر سکتی ہوں کہ یہ بات چیت جاری ہے، اور ہمیں امید ہے کہ غزہ میں جنگ بندی ہو گی تاکہ ہم تمام یرغمالیوں کو گھر واپس لا سکیں۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا حماس نے تجویز قبول کر لی ہے، تو ان کا جواب تھا کہ میری معلومات کے مطابق نہیں۔

خیال رہے کہ قبل ازیں امریکا کی جانب سے چند روز قبل پیش کی گئی غزہ میں جنگ بندی کی تجویز حماس نے منظور کرلی تھی تاہم اسرائیلی حکام نے اس تجویز کو واشنگٹن کی قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کوئی اسرائیلی حکومت اسے قبول نہیں کر سکتی۔