کوہاٹ: درہ آدم خیل کے گھر میں دھماکا، 2 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل کے ایک گھر میں دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق، جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکے کی نوعیت کا معلوم نہیں ہوسکا، دھماکے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے، اور لاشوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکا گھر کے اندر ہوا، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے دھماکے کی نوعیت جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا سلنڈر پھٹنے سے ہوا ہے یا دستی بم گھر کے اندر پھینکا گیا؟، اس بارے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ شواہد اور معلومات جمع کرکے حتمی طور پر کچھ بتائے گا، فی الحال دھماکے کی نوعیت کا تعین نہیں کیا جاسکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ قریبی ہسپتال میں زخمی ہونے والوں کا علاج کیا جارہا ہے، مرنے والوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے سپرد کی جائیں گی۔