پاکستان

پنجاب: پی پی 52 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

اتوار کی چھٹی کے باوجود شدید گرمی کے باعث ووٹرز نے حق رائے دہی کیلئے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا اور اور پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد کم رہی۔

پنجاب کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پنجاب کے شہر سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 52 سمبڑیال کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی جب کہ پولنگ ختم ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔

تاہم اتوار کی چھٹی کے باوجود شدید گرمی کے باعث ووٹرز نے حق رائے دہی کیلئے گھروں سے نکلنے سے گریز کیا اور اور پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی تعداد کم رہی۔

پولنگ کے دوران خفیہ ووٹ کی خلاف ورزی سامنے آئی جب ایک ووٹر نے بیلٹ پیپر پر مہر لگانے کے بعد تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، حالانکہ بیلٹ پیپر کی تصویر لینا غیر قانونی عمل ہے۔

پولنگ کے دوران پیپلز پارٹی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر دھاندلی اور غنڈہ گردی کے الزامات عائد کیے گئے۔

تاہم، الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے دھاندلی کے الزامات بے بنیاد اور انتظامیہ کی جانب سے مختلف پولنگ اسٹیشنز کو بند کرنے کی خبر کو سراسر جھوٹ قرار دیا۔

خیال رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔

ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کی طرف سے حنا ارشد، پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان کی طرف سے محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدواران حصہ لے رہے ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ پی پی 52 میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185ہے، پولنگ کے عمل کو شفاف اور منظم بنانے کے لیے کل 1696 پولنگ اہلکاروں کی تعیناتی کی گئی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں کل 185 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے جن میں سے 11کو انتہائی حساس، 38 کو حساس اور 136کو نارمل قرار دیا گیا تھا جب کہ امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔