پاکستان

غیرقانونی اسلحے کا کیس:ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی ضمانت منظور

ملزم کےخلاف مجموعی طورپر4مقدمات درج ہیں، اگر ملزم کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو اسے رہا کردیا جائے، عدالت

کراچی کی ضلعی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے والد کامران قریشی کی غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں ضمانت منظورکرلی، کامران قریشی کو غیرقانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کیاگیاتھا۔

ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضلع جنوبی کی عدالت میں ملزم کامران قریشی کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت استغاثہ نے درخواست کی مخالفت کی اور موقف اپنایاکہ ملزم سے غیرقانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے لہٰذا اسے ضمانت نہ دی جائے۔

وکیل صفائی نے بتایاکہ مقدمہ جھوٹاہے، صرف ارمغان کاوالد ہونےکی بنا پر مقدمہ درج کیاگیاہے، عدالت نے درخواست پر ایک لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ اگر ملزم کسی اور مقدمےمیں مطلوب نہیں تو اسے رہا کردیا جائے۔

ملزم کامران اصغر قریشی کےخلاف اینٹی وائلنٹ کرائم سیل نےمقدمہ درج کیاتھا، ملزم کےخلاف مجموعی طورپر4مقدمات درج ہیں۔