گلین میکسویل کا ون ڈے، ہنرک کلاسن کا انٹرنیشل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
آسٹریلوی آل راونڈر گلین میکسویل نے بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کی تیاریوں اور فرنچائز کرکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی، جبکہ جنوبی افریقہ کے ہارڈ ہٹر بیٹر ہنرک کلاسن نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا نے جاری بیان میں بتایا کہ آل راونڈر گلین میکسویل نے ٹی 20 ورلڈکپ 2026 کی تیاریوں اور فرنچائز کرکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
ایک روزہ کرکٹ کوخیرآباد کرنے پر گلین میکسویل نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’کافی سوچ و بچار کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا، ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے، 2012 کے ڈیبیو سے2015 میں اپنے میدانوں میں ورلڈ کپ جیتنا اور 2023 کے ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ بننا، یہ وہ یادیں ہیں جو ہمیشہ میرے ساتھ رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی ٹی 20 ٹیم کے لیے دستیاب ہوں اور آسٹریلیا کو آئندہ سال ورلڈ کپ میں کامیابی دلانے کے لیے بیتاب ہوں۔
36 سالہ گلین میکس ویل آسٹریلیا کے لیے 149 ون ڈے میچز میں 3 ہزار 990 رنز بنائے۔
2023 کے ورلڈ کپ میں انجری کے باوجود افغانستان کے خلاف 128 گیندوں پر ڈبل سنچری اسکور کرنے اور شکست کے دہانے پر پہنچی کینگروز کو فاتح بنانے کی تاریخی اننگز ایک روزہ کرکٹ میں سرفہرست رہے گی۔
2017 میں اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے گلین میکس ویل نے ’فائنل پوڈ کاسٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں ٹانگ کی انجری کے باعث ایک روزہ کرکٹ میں فیلڈنگ میں مشکلات کا سامنا رہا، چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بھی انجری کے باعث فیلڈنگ میں متاثرکن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، فیلڈنگ کے شعبے میں 100 فیصد نہ دکھانے کے باعث میں ٹیم کی امیدوں پر پورا نہیں اُتر رہا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین آف سلیکٹر (آسٹریلیا) جارج بیلے سے بھی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے گفتگو ہوئی، جس میں ہم نے ورلڈ کپ 2027 کے حوالے سے بات کی ، جارج بیلے کو میں نے کہا مجھے نہیں لگتا کہ میں اس میں (ون ڈے ورلڈ کپ 2027) میں حصہ لے سکوں گا، بہتر ہوگا ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے میرے متبادل پر غور کیا جائے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹیو ٹاڈ گرین برگ نے گلین میکس ویل کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا ایک پُرجوش اور اثر انداز ہونے والے کرکٹر کا اختتام ہوگیا، میکس ویل نے کی جارحانہ بیٹنگ نے جہاں دنیائے کرکٹ میں اپنا ایک مقام پیدا کیا وہیں آسٹریلوی ٹیم کو 2023 کا ورلڈ کپ ٹائٹل دلانے میں اہم کردارادا کیا۔
جنوبی افریقی بیٹر ہنرک کلاسن کا بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
ادھر، جنوبی افریقہ کے ہارڈ ہٹر بیٹر ہنرک کلاسن نے بھی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
33 سالہ کرکٹر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا کہ انہوں نے وائٹ بال کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ہنرک کلاسن نے ٹیسٹ کرکٹ کو 2014 میں خیرآباد کہہ دیا تھا۔
کلاسن نے ون ڈے اور ٹی 20 ڈیبیو 2018 میں کیا تھا، اور اپنی برق رفتار بلے بازی سے دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام حاصل کیا۔
کلاسن نے 60 ایک روزہ میچز میں43.69 کی اوسط کے ساتھ 2 ہزار141 بنائے۔
ہنرک کلاس نے ویسے تو کئی یادگار اننگز کھیل کر کرکٹ کے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑے رکھا، تاہم 2023 میں سپر سپورٹ پارک میں ہونے والے پروٹیز اور کینگروز کے مقابلے میں ان کی 174 کی شاندار بیٹنگ آج بھی ان کی بہترین اننگز سمجھی جاتی ہے۔
کلاسن نے ون ڈے کرکٹ کے ساتھ ساتھ ٹی 20 کرکٹ میں بھی اپنا سکہ جمایا اور 58 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں 1471.84 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک ہزار بنائے۔