کراچی کے علاقے ڈیفنس میں با اثر شخص کے تشدد کی شکار فیملی منظر عام پر آگئی
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں با اثر شخص کے تشدد کی شکار فیملی منظر عام پر آگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ڈیفنس کے علاقے میں بااثر شخص کے تشدد کا شکار ہونے والے لڑکے نے بتایا کہ میری بہنیں ڈیفنس میں دفتر میں نوکری کرتی ہیں، خیابان اتحاد میں دونوں بہنوں کو لینے جارہا تھا۔
متاثرہ لڑکے نے مزید بتایا کہ جیسے ہی بہنوں کے قریب پہنچا تو گاڑی تیز رفتاری سے مجھے ٹکر مارتی ہوئی گئی، پھر گاڑی میں سوار شخص نے مجھ پر تشدد کرنا شروع کردیا، میں معافی مانگتا رہا مگر وہ مجھے مارتے رہے۔
اس نے مزید بتایا کہ قریب موجود شخص نے اسلحہ کے زور پر گاڑی میں بٹھا لیا اور اسلحہ بردار شخص بھی شدید تشدد کا نشانہ بناتا رہا۔
متاثرہ لڑکے کا کہنا تھا کہ پولیس نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔
متاثرہ لڑکے کا کہنا تھا کہ سلمان فاروقی اور دوسرے شخص سے بہنیں معافی مانگتی رہیں، مگر وہ تشدد کرتے رہے اور پھر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد دھمکاکر چھوڑ دیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے پوش علاقے گذری ڈیفنس میں گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے بعد کار سوار بااثر شخص طیش میں آگیا تھا، اور موٹر سائیکل سوار شہری کو زد و کوب کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
نوجوان کے ساتھ موجود اس کی بہنیں بااثر شخص کے سامنے ہاتھ جوڑ جوڑ کر معافیاں مانگتی رہیں، لیکن روتی لڑکیوں کے آنسوؤں پر بھی بااثر شخص کو ترس نہیں آیا تھا۔
متاثرہ شہری کی بہنیں ڈیفنس میں ہی قریبی سیلون میں کام کرتی ہیں، جنہیں روزانہ متاثرہ شہری لینے آتا ہے۔
عینی شاہد نے بتایا تھا کہ واقعہ اتوار کی رات 8 بجے کے قریب پیش آیا، نوجوان کی موٹرسائیکل ہلکی سی گاڑی سے ٹچ ہوگئی، جس پر گاڑی کے بااثر مالک نے اسے مارا تھا۔
بعدازاں پولیس نے بااثر ملزم سلمان فاروقی کو گرفتار کرلیا تھا جسے آج سٹی کورٹ میں قائم ضلع جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے مزم سلمان فاروقی سمیت 2 ملزمان کا 2 دن کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کر دیا۔