ورلڈ ٹیسٹ چیپمئن شپ کی بہترین ٹیم کا اعلان، نعمان علی بھی شامل
کرکٹ آسٹریلیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیپمئن شپ کی بہترین ٹیم کا اعلان کردیا جس میں پاکستان کے اسپنر نعمان علی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 2023-25 ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے فائنل سے پہلے ہم نے سلیکٹرز بن کر گزشتہ 2 سالوں کی بہترین الیون کا انتخاب کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ٹیسٹ کرکٹ کے مزید دو سال اپنے اختتام کو پہنچ رہے ہیں، اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اس مرحلے نے نہ صرف ریکارڈ تماشائیوں کو اسٹیڈیمز کی طرف متوجہ کیا بلکہ بیٹنگ اور باؤلنگ میں کئی شاندار کارنامے بھی دیکھنے کو ملے، جن کے ساتھ بہت سے یادگار میچز اور سیریز بھی شامل تھیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے اعلان کردہ ورلڈ ٹیسٹ چیپمئن شپ کی بہترین ٹیم میں پاکستان کے واحد کھلاڑی اسپنر نعمان علی جگہ بنانے میں کامیاب رہے، جنہیں اسپیشلسٹ اسپنر کے طور پر ٹیم میں رکھا گیا جب کہ ٹیم کی قیادت آسٹریلیا کے پیٹ کمنز کو سونپی گئی ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسپنر نعمان علی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 6 میچز میں 46 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا کی اعلان کردہ ٹیم میں یشسوی جیسوال (بھارت)، عثمان خواجہ (آسٹریلیا)، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ)، جو روٹ (انگلینڈ)، ہیری بروک (انگلینڈ)، کمنڈو مینڈس (سری لنکا)، ایلکس کیری (آسٹریلیا)، پیٹ کمنز (آسٹریلیا)، جسپریت بمراہ (بھارت)، میٹ ہینری (نیوزی لینڈ)، نعمان علی (پاکستان) شامل ہیں۔