کوہاٹ: ملک اسد قتل کیس، پیپلزپارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات سمیت 6 افراد گرفتار
کوہاٹ میں سابق ضلعی ناظم ملک اسد خان کے قتل میں ملوث پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات امجد آفریدی سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق کوہاٹ کی مقامی عدالت نے مرکزی ملزم امجد آفریدی کو 5 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جب کہ قتل میں ملوث دیگر 5 ملزمان کو 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا۔
ڈی پی او کوہاٹ زاہد اللہ خان نے اس سلسلے میں ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملک اسد خان 15 اپریل کو کوہاٹ سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوئے تھے، ملزمان نے ان کا تعاقب کیا اور راستے میں ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں سابق ضلعی ناظم ملک اسد موقع پر جاں بحق ہوگئے تھے اور ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیم نے کئی روز کی کاوشوں کے بعد ملزمان کو بے نقاب کیا جب کہ مرکزی کردار امجد آٖفریدی کو گزشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ 15 اپریل کو راولپنڈی روڈ پر عظیم باغ کے قریب سابق ضلعی ناظم ملک اسد خان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق اور ایک اور شخص زخمی ہوا تھا۔
آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقارحمید نے سابق ضلع ناظم کوہاٹ ملک اسد پر قاتلانہ حملے کا نوٹس لیا تھا اور ریجنل پولیس افسر کوہاٹ سے رپورٹ طلب کی تھی۔
آئی جی خیبرپختونخوا نے ریجنل پولیس افسران کو افسوسناک واقعات میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتارکرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔