پاکستان

خانیوال: نشہ آور شے پلا کر نوجوان لڑکی کا ’گینگ ریپ‘

قریبی رشتے دار نے لڑکی کو کام کروانے کے بہانے گھر بلایا اور نشہ پلا کر اپنے 2 دوستوں کے ساتھ مل کر زیادتی کا نشانہ بنایا، تھانہ چھب کلاں میں مقدمہ درج

خانیوال میں درندہ صفت ملزمان نے نشہ آور شے پلا کر نوجوان لڑکی کا مبینہ گینگ ریپ کر دیا۔

ڈان نیوز کے مطابق خانیوال میں 3 ملزمان نے 17 سالہ لڑکی کو نشہ آور شے پلا کر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، جس کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ چھب کلاں میں درج کرلیا گیا ہے۔

متاثرہ لڑکی کی والدہ نے الزام لگایا ہے کہ قریبی رشتے دار نے ان کی بیٹی کو کام کروانے کے بہانے گھر بلایا اور نشہ پلا کر اپنے دو دوستوں کے ساتھ مل کر ریپ کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے اور جلد ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل حافظ آباد کے علاقے مانگٹ اونچا میں شادی شدہ خاتون کا شوہر کے سامنے گینگ ریپ کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔

دوران زیادتی نہ صرف خاتون کی برہنہ ویڈیوز بنائی گئیں تھیں، بلکہ انہیں سوشل میڈیا پر وائرل بھی کر دیا گیا تھا، جس کے بعد ملک بھر میں شدید عوامی ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔

اگلے روز مذکورہ واقعے کی ایف آئی آر میں نامزد مرکزی ملزم خاور مبینہ پولیس مقابلے کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا تھا۔