دنیا

اسرائیل نے غزہ کیلئے امداد لے کر آنے والی کشتی کو قبضے میں لے لیا

' میڈلین' کو روکے جانے کے بعد حراست میں لیے گئے 12 فلسطینی حامی کارکنان کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا جائے گا، اسرائیلی وزارت خارجہ

غزہ کے محصورین کے لیے امداد لے کر جانے والے کشتی ’ میڈلین’ کو اسرائیلی افواج نے اپنے قبضے میں لے کر اس پر سوار 12 کارکنان کو حراست میں لے لیا ہے، جن میں سویڈن کی موسمیاتی تبدیلیوں کی کارکن گریٹا تھنبرگ اور ایک صحافی بھی شامل ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فریڈم فلوٹیلا کولیشن کے زیر انتظام برطانوی پرچم والی کشتی’ میڈلین ’ غزہ کے محصورین کے لیے امداد لے کر یکم جون کو سسلی سے روانہ ہوئی تھی جسے آج صبح اسرائیلی فوج نے اپنے قبضے میں لے لیا، اور اس پر سوار افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

قبل ازیں بی بی سی نے ا سرائیلی میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ ’ میڈلین ’ اشدود کی بندرگاہ پر پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے تاہم اس کی تازہ ترین لوکیشن نامعلوم ہے۔

اس سے پہلے اسرائیل نے خبردار کیا تھا کہ امدادی کشتی کو غزہ پہنچنے سے روکا جائے گا۔

دریں اثنا اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ’ میڈلین’ کو روکے جانے کے بعد حراست میں لیے گئے 12 فلسطینی حامی کارکنان کو ان کے آبائی ممالک واپس بھیج دیا جائے گا۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے بھی اسرائیل سے درخواست کی ہے کہ کشتی پر سوار فرانسیسی شہریوں کو ’ جلد از جلد فرانس واپس آنے کی اجازت دی جائے’ ۔

میڈلین پر کون سوار ہے؟

یکو جون کو سسلی سے روانہ ہونے کے بعد سے’ میڈلین’ پر 12 افراد سوار تھے، جن میں شامل ہیں:

گریٹا تھنبرگ سویڈش ماحولیاتی تبدیلی کی کارکن

ریما حسن شام کے ایک فلسطینی مہاجر کیمپ میں پیدا ہوئیں، اب یورپی پارلیمنٹ کی رکن ہیں۔

یاسمین آکار جرمن کارکن جو ترکی سے تعلق رکھنے کرد والدین کے ہاں پیدا ہوئیں اور پرورش پائی۔

تھیاگو آویلا - فریڈم فلوٹیلا برازیل کے کوآرڈینیٹر اور فریڈم فلوٹیلا کولیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے رکن۔

یانس محمدی بلاسٹر، ایک فرانسیسی آزاد میڈیا آؤٹ لیٹ میں صحافی اور ڈائریکٹر۔

عمر فیاض - الجزیرہ مباشر کے نمائندے۔

سرجیو ٹوریبیو -سمندری تحفظ کی غیر سرکاری تنظیم سی شیفرڈ سے تعلق ہے۔

اس کے علاوہ، جہاز پر فرانسیسی ڈاکٹر اور کارکن بیپٹسٹ آندرے، ترک کارکن سویب اوردو، ڈچ انجینئرنگ کے طالب علم مارک وین رینس، فرانسیسی شہری ریوا ویارڈ، اور پاسکل موریراس بھی سوار تھے، جنہوں نے اس سے پہلے بھی فریڈم فلوٹیلا کے دیگر مشنوں میں حصہ لیا ہے۔

’ میڈلین’ کو روکنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے، حماس

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کا کہنا ہے کہ ’ میڈلین’ کو روکنا بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ایک بیان میں، فلسطینی مسلح گروپ نے جہاز پر موجود کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اسرائیل کو ان کی حفاظت کیلئے مکمل طور پر ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔

حماس نے اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جرم کی مذمت کریں اور فوری اقدام کرتے ہوئے غزہ کا محاصرہ ختم کروائیں۔

اسرائیل بین الاقوامی قانون کے لیے’ خوفناک حقارت’ کا مظاہرہ کر رہا ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ اسرائیل بین الاقوامی قانون کے لیے’ خوفناک حقارت’ کا مظاہرہ کر رہا ہے۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان جاری کیا ہےکہ ’ غزہ کے شہریوں کے لیے خوراک اور ضروری سامان تک محفوظ رسائی کو یقینی بنانا اسرائیل کی بین الاقوامی ذمہ داری’ ہے، مگر اس کے اقدامات بین الاقوامی قانون کے لیے ’ خوفناک حقارت’ کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

عالمی تنظیم کی رہنما ایگنس کالامارڈ کا کہنا ہے کہ ’ اگر اسرائیل کے اتحادیوں نے اپنی کہی گئی باتوں سے غزہ میں امداد کی ترسیل کو یقینی بنادیا ہوتا تو کارکنوں کو اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کی ضرورت نہ پڑتی۔’