پاکستان

کراچی: ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار 2 دوست جاں بحق

جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 20 سالہ زبیر اور 18 سالہ ایان کے ناموں سے ہوئی، ڈرائیور گرفتار، ٹینکر تھانے منتقل، مشتعل افراد کی واٹر ٹینکر کو جلانے کی کوشش ناکام بنادی، پولیس

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں بورڈ آفس کے قریب واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل پر سوار 2 دوست جاں بحق ہوگئے۔

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت 20 سالہ زبیر اور 18 سالہ ایان کے ناموں سے ہوئی ہے۔

دونوں دوستوں کی لاشیں ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں، پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کرکے ٹینکر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس حکام کے مطابق مشتعل افراد نے ٹینکر کو آگ لگانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر کنٹرول کرلیا۔

واضح رہے کہ رواں سال کی ابتدا میں کراچی میں اچانک ہیوی ٹریفک سے حادثات اور اموات کی شرح میں اضافہ دیکھا گیا تھا، مسلسل 4 ماہ تک ڈمپرز، ٹرکوں، ٹینکروں کی ٹکر سے درجنوں شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

مرنے والوں میں اکثریت موٹرسائیکل سوار شہریوں کی تھی، ان حادثات میں اضافے کے بعد مشتعل عوام کی جانب سے حادثات کے ذمہ دار ٹینکرز کو نذر آتش کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں حکومت نے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد میں سختی کی، موٹرسائیکل سواروں کو ہیلمٹ کے بغیر چالان کیے، 43 ہزار موٹرسائیکلیں ضبط کی گئیں، کالے شیشے والی گاڑیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا، ہیوی ٹریفک کے لیے ایس او پیز اور ان کے شہر میں داخلے کے اوقات کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی کوشش کی گئی، جس کے بعد حادثات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔