اہلیہ کو شوٹنگ کی مشق کرانے کی شاہد آفریدی کی ویڈیو وائرل
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کرکٹر شاہد آفریدی کی جانب سے اہلیہ کو شوٹنگ رینج کی مشق کروانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
شاہد آفریدی نے حال ہی میں اپنے فیس بک پر اہلیہ کی جانب سے رینج شوٹنگ پریکٹس کرنے کی ویڈیو شیئر کی۔
سابق کرکٹر نے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے دلچسپ کیپشن بھی لکھا اور شادی کو زندگی بھر کا ایڈونچر بھی قرار دیا۔
مختصر دورانیے کی ویڈیو میں شاہد آفریدی اہلیہ کو بندوق تھماکر نشانہ لگانے کی ہدایت کرتے سنائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں وہ اہلیہ کے ساتھ پشتو زبان میں گفتگو کرتے سنائی دیتے ہیں جب کہ اہلیہ کی جانب سے ٹھیک نشانہ لگانے پر وہ تالیاں بجا کر انہیں داد بھی دیتے ہیں۔
شاہد آفریدی اہلیہ کو بتاتے ہیں کہ آپ کا نشانہ اچھا ہے، ویڈیو میں ان کی اہلیہ ٹھیک نشانہ لگانے کے بعد شوہر کی جانب دیکھتی ہیں۔
سابق کرکٹر کی جانب سے اہلیہ کو شوٹنگ مشق کروانے کی ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اسے دیگر سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے شاہد آفریدی کی تعریفیں کیں۔
شاہد آفریدی اہلیہ کے ہمراہ انتہائی کم تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہیں، زیادہ تر ان کی جانب سے اہلیہ کے ساتھ شیئر کی جانے والی ویڈیوز اور تصاویر میں ان کی اہلیہ کا چہرہ دکھائی نہیں دیتا۔
تازہ شوٹنگ مشق کی ویڈیو میں بھی شاہد آفریدی کی اہلیہ نے فیس ماسک اور حجاب سے چہرے کو ڈھانپ رکھا ہے۔
سابق کرکٹر کی اہلیہ کی جانب سے ٹھیک نشانہ لگانے پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی تعریفیں کیں۔