کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار
کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایئرپورٹ شاہراہ فیصل اور ملیر میں بونداباندی سےموسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کے ستائے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔
ادھر، ویدر اپڈیٹ پی کی نے رپورٹ کیا کہ بحریہ ٹاؤن کے علاقے میں بارش ہو رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے جنوب مشرق میں اس وقت ہوا کا کم دباؤ موجود ہے، اس سسٹم کے زیر اثر آج کراچی کے مضافاتی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش امکان ہے۔
بدین، ٹھٹھہ، میرپور خاص، عمرکوٹ اور خاص طور پر تھرپارکر کے مختلف علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے پیر اور منگل کو کراچی کے مشرقی اور شمالی علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی تھی۔