حکومت کی الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی مہم کا جائزہ لینے کیلئے اعلیٰ سطح کا اجلاس
حکومت کی الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی مہم کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں الیکٹرک بائیکس پر دی جانے والی مراعات سے متعلق مہم کا جائزہ لیا گیا۔
وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزارتِ صنعت و پیداوار کے سیکریٹری سیف انجم، وزارتِ اطلاعات و نشریات کی سیکریٹری امبرین جان اور پرنسپل انفارمیشن افسر مبشر حسن نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرک بائیکس پر سبسڈی دینے کی مہم پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق حکومت، عوام کو الیکٹرک بائیکس پر مراعات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ الیکٹرک گاڑیاں نہ صرف ماحول دوست ہیں بلکہ ایندھن کے اخراجات میں خاطر خواہ کمی بھی لاتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ مختص کی گئی الیکٹرک بائیکس میں سے 25 فیصد خواتین کے لیے مخصوص کی جائیں گی تاکہ جامع اور مساوی رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔