ہم پاکستان کے شہری کرۂ ارض کو باہم مربوط، مختلف النوع، خودمختار اور باہمی انحصار پر مشتمل حیات کا مسکن سمجھتے ہیں۔ جس میں انسان اس عظیم حیاتیاتی نظام کا صرف ایک حصہ ہے۔
بریتھ پاکستان کا پاکستان کے شہریوں کے لیے فطرت اور موسمیاتی انصاف کے حقوق کا اعلامیہ
ابتدائیہ:
ہم پاکستان کے شہری کرۂ ارض کو باہم مربوط، مختلف النوع، خودمختار اور باہمی انحصار پر مشتمل حیات کا مسکن سمجھتے ہیں۔ جس میں انسان اس عظیم حیاتیاتی نظام کا صرف ایک حصہ ہے۔ زمین پر موجود حیات کے تمام مظاہر حیوانات، نباتات اور ان کی پرورش کرنے والا ماحولیاتی نظام جس میں دریا، جنگل، پہاڑ، سمندر اور دیگر ماحولیاتی عناصر شامل ہیں، انسانوں کے لیے افادیت سے آزاد اپنی قدر، اہمیت اور حقوق رکھتے ہیں۔
ہمیں اعتراف ہے کہ انسان کی صنعتی اور کاروباری سرگرمیوں سے موسمیاتی اور ماحولیاتی نظام اور مستحکم ارضیاتی نظام پر انحصار کرنے والی تمام موجودات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
ہمیں ادراک ہے کہ زمین پر حیات کے تسلسل کا تقاضا ہے کہ ہمارے آئینی، قانونی، سماجی اور اخلاقی نظام میں ایسی دور رس تبدیلیاں ضروری ہیں جن سے ایسا نظام وضع ہوسکے جو بالادستی اور استحصال کے بجائے احترام، باہمی تعاون اور ارضیاتی نظام کی بحالی کا ضامن ہو۔
ہم اس امر کی توثیق کرتے ہیں کہ ماحولیاتی انصاف کا حصول موسمیاتی انصاف سے مشروط ہے اور فطرت کے حقوق اور آنے والی نسلوں کے حقوق باہم مشروط ہیں کیوں کہ زمین کے تنوع کا تحفظ نوع انسانی کے تحفظ سے منسلک ہے۔ لہٰذا حیات کے احترام، ذمہ داری اور یک جہتی کے جذبے کے تحت ہم مندرجہ ذیل اصولوں کا اعلان کرتے ہیں۔
ہم پاکستان کے شہری اعلان کرتے ہیں کہ زندگی کے احترام پر مبنی دنیا کی تعمیر کے لیے ہمیں انسانی مرکزیت سے آگے بڑھ کر کام کرنا ہوگا۔
ہم زمینی نظام کی عزت، حفاظت اور بحالی کے لیے عہد کرتے ہیں کیوں کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا مستقبل تمام موجودات کے مستقبل سے وابستہ ہے۔
ہم قرار دیتے ہیں کہ موسمیاتی انصاف صرف ایک خواہش نہیں بلکہ یہ ایک ایسا نظام ہے جو ہمیں پختہ ارادے، ہمت اور اجتماعی عزم کے ساتھ اپنے ذہن اور ہاتھوں سے فوری طور پر تعمیر کرنا ہے۔
ہم آئندہ نسلوں کے لیے انصاف بقا اور خوشحالی کو صرف فطرت کے حقوق کے تحفظ کے ذریعے ہی یقینی بناسکتے ہیں۔
آئندہ نسلوں کے دفاع اور زمین کے احترام کے لیے پاکستان کے شہریوں کی جانب سے منظور کیا گیا