پاکستان

کراچی: اتحاد ٹاؤن میں فائرنگ سے دو افراد قتل، ایک زخمی

واقعہ مسجد امیر معاویہ کے قریب ایک گھر کے اندر پیش آیا، پولیس نے 2 افراد کو حراست میں لے لیا، ڈی آئی جی

کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن میں فائرنگ کرکے 2 افراد کو قتل کر دیا گیا جبکہ ایک زخمی ہوا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) جنوبی سید اسد رضا نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ یہ واقعہ مسجد امیر معاویہ کے قریب ایک گھر کے اندر پیش آیا، پولیس نے جائے وقوع سے 2 افراد کو حراست میں لے لیا، اور 30 بور کا پستول برآمد کر لیا جبکہ ایک خاتون سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا نے مزید کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ دونوں فریقین کی ذاتی دشمنی کی وجہ سے ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ایک شخص خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک سے ایک شادی شدہ خاتون کو کراچی لایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فائرنگ کا تبادلہ اس وقت ہوا، جب خاتون کے شوہر اور بھائی اسے واپس لینے کے لیے پہنچے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دو افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ ایک دوسرے شخص گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے، انہوں نے مزید کہا کہ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی اسد رضا کا کہنا تھا کہ مزید قانونی کارروائی اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔