کوہاٹ: فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق، 11 زخمی
کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ کے علاقے چیشنہ گنڈہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ذاتی دشمنی کی بنا پر فائرنگ کے نتیجے میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب مقتولین و زخمی افراد ایک جنازے کی ادائیگی کے بعد واپس آرہے تھے۔
ڈی پی او کوہاٹ ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ واقعے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش میں فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ کچھ روز قبل خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے تور ڈھنڈ میں دیرینہ دشمنی پر میاں بیوی اور بیٹے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔
مقتولین کراچی سے تعزیت کے لیے گاؤں آئے تھے، مخالفین نے موقع دیکھتے ہی بدقسمت خاندان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں تینوں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے۔