پاکستان

پولیو کیسز میں ننانوے فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی، وفاقی وزیر صحت

پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، مصطفیٰ کمال کی گاوی اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں آن لائن شرکت

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان میں پولیو کیسز میں ننانوے فیصد سے زائد کمی واقع ہو چکی ہے، پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے گاوی اور پولیو اوورسائٹ بورڈ کے مشترکہ اجلاس میں آن لائن شرکت کی، اجلاس میں وفاقی وزیر صحت نے پاکستان کی نمائندگی کی اور انسداد پولیو اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم ذاتی طور پر انسدادِ پولیو مہم کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پاکستان میں حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے، اور زیرو ڈوز بچوں کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیشن کے مربوط نظام کی مضبوطی کے لیے گاوی اور پی او بی کا تعاون ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ ویکسینیٹرز کی تربیت اور ان کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اضافی وسائل درکار ہیں۔