ہری پور: سوشل میڈیا انفلوئنسر کا ’گینگ ریپ‘، 2 افراد کے خلاف مقدمہ درج
خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور میں ایک 26 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر کو نوکری کا جھانسہ دے کر مبینہ کینگ ریپ کرنے پر پولیس نے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
متاثرہ خاتون کی شکایت پر ہری پور کے خانپور پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی ایف آئی آر میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 34 ، دفعہ 376 ، دفعہ 392 اور دفعہ 506 شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی شام 8 بجے تحصیل خانپور میں پیش آیا۔
متاثرہ خاتون نے بتایا کہ ’ملزم نے مجھ سے میرے ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے ذریعے رابطہ کیا اور خانپور کے ایک ہوٹل میں نوکری کی پیشکش کی‘۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ملزمان نے مجھے انٹرویو کے لیے بلایا، جب میں بس اسٹاپ پہنچی تو انہوں نے گاڑی میں مجھے اٹھایا اور چند میل دور لے گئے، جہاں انہوں نے اسلحے کے زور پر مجھے کپڑے اتارنے پر مجبور کیا۔
ایف آئی آر کے مطابق گاڑی ایک نامعلوم شخص چلا رہا تھا جبکہ دوسرا ملزم اگلی سیٹ پر بیٹھا تھا، بعد ازاں دونوں نے متاثرہ خاتون کا ریپ کیا اور اسے سڑک کنارے چھوڑ کر اس کا موبائل فون، 3 ہزار روپے نقدی اور سونے کا لاکٹ لے کر فرار ہو گئے۔