امریکا کو جوہری تنصیبات پر حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ایرانی آرمی چیف
ایرانی فوج کے کمانڈر میجر جنرل امیر حاتمی نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر حالیہ حملوں کا اُسے فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ادارے تسنیم نیوز کے مطابق پیر کو سینئر فوجی کمانڈرز سے ویڈیو کانفرنس کے دوران جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ امریکی حکومت 1979 میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے ایران کے خلاف جرائم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی امریکا نے ایران کے خلاف کوئی جرم کیا، اُسے ہمیشہ سخت جواب ملا، اور اس بار بھی ان حالیہ حملوں کا بھرپور ردعمل دیا جائے گا۔
جنرل حاتمی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کی کامیاب کارروائیوں نے اسرائیلی حکومت کو مایوس کر دیا، جس کے بعد صہیونیوں نے امریکا سے مدد مانگی، جو ان جرائم کا اصل ذمہ دار ہے، اور اُسے براہِ راست ایران کے ساتھ تصادم میں شامل کر لیا گیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ 13 جون کو اسرائیلی حکومت نے ایران کے خلاف جارحانہ جنگ شروع کی، اور ایرانی فوجی و جوہری تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے، جس کے بعد امریکا نے بھی اتوار کی صبح نطنز، فردو اور اصفہان میں 3جوہری مراکز پر حملے کیے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ تہران کو ان امریکی حملوں کے جواب میں اپنی مرضی کے تمام آپشنز استعمال کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔