پاکستان

کراچی: باکسر عالیہ سومرو کو مبینہ دھمکیاں، پولیس نے تحقیقات کا حکم دے دیا

خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے، عالیہ سومرو کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے گا، ڈی آئی جی

کراچی پولیس نے خاتون باکسر عالیہ سومرو کو ملنے والی مبینہ دھمکیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ عالیہ سومرو نے رواں سال کے آغاز میں تھائی لینڈ کی حریف کو صرف 45 سیکنڈز میں ناک آؤٹ کر کے ڈبلیو بی اے ایشیا کی 105 پاؤنڈ کیٹیگری میں کامیابی حاصل کی تھی، اور اس طرح وہ عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون بن گئی تھیں۔

ایک روز قبل عالیہ سومرو نے انسٹاگرام پر جاری ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ انہیں اور ان کی فیملی کو لیاری گینگ وار کے ایک مبینہ سہولت کار کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے، جو خود کو میڈیا ورکر ظاہر کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سیاسی، لسانی تنازعات اور باکسنگ اداروں کے آپسی جھگڑوں میں نہ گھسیٹا جائے، میرے خلاف پوری مشینری کیوں استعمال ہو رہی ہے؟ مجھے اور میرے خاندان کو جان کا خطرہ ہے۔

عالیہ سومرو نے الزام لگایا کہ کچھ عناصر ان کے خلاف بے بنیاد معلومات پھیلا رہے ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ ان کو جسمانی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے، انہوں نے سندھ پولیس چیف اور دیگر حکام سے تحفظ اور قانونی مدد کی اپیل کی۔

ڈی آئی جی جنوبی سید اسد رضا کے دفتر سے آج جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سٹی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) عارف عزیز کو معاملے کی مکمل تحقیقات کرنے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ جنوبی زون پولیس نے عالیہ سومرو سے رابطہ کیا اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

ڈی آئی جی سید اسد رضا نے کہا کہ عالیہ سومرو پاکستان کی باہمت خواتین کی نمائندہ اور روشن مثال ہیں، خواتین کو زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا حق حاصل ہے، پولیس عالیہ سومرو کو ہر ممکن تحفظ فراہم کرے گی۔

واضح رہے کہ حال ہی میں حکومت سندھ نے عالیہ سومرو کو اگست میں دبئی میں ہونے والے ایک باکسنگ ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے 47 لاکھ روپے کی اسپانسرشپ فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ ایک بھارتی باکسر سے ہو گا۔