لائف اسٹائل

ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ پر ’غداری‘ کا الزام، بائیکاٹ کا مطالبہ

دلجیت دوسانجھ نے پہلگام حملے کے باوجود ہانیہ عامر کو فلم میں شامل کیا، جسے بھارتی فلم سازوں نے پاکستانی سرپرستی میں ہونے والا دہشت گرد حملہ قرار دیا۔

بھارتی فلم سازوں نے ’سردار جی تھری‘ میں ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ پر مکمل پابندی لگانے کا مطالبہ کردیا۔

بھارت کی آل انڈین سینی ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) اور فیڈریشن آف ویسٹرن انڈیا سینی ایمپلائز (ایف ڈبلیو آئی سی ای) نے دلجیت دوسانجھ اور فلم کے پروڈیوسرز کا بائیکاٹ کرنے کی دھمکی دی ہے اور بھارت میں اس فلم کی آئندہ ریلیز کے تمام منصوبے روکنے کے عزم کا اظہار بھی کیا ہے۔

فی الحال ’سردار جی تھری‘ کی بھارت میں ریلیز کا کوئی شیڈول موجود نہیں ہے۔ فلم کے پروڈیوسر گن بیر سنگھ سدھو نے وضاحت کی ہے کہ یہ فلم حالیہ بھارت-پاکستان کشیدگی سے بہت پہلے مکمل کی گئی تھی اور اسے صرف بیرونِ ملک ریلیز کیا جارہا ہے۔

اس وضاحت کے باوجود، اے آئی سی ڈبلیو اے کے صدر نے دلجیت دوسانجھ پر دہشت گرد کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے، جب کہ ایف ڈبلیو آئی سی ای نے سرحد پار اداکارہ کو کاسٹ کرنے کو قوم سے غداری اور بھارت مخالف بیانیے کو فروغ دینے کے مترادف قرار دیا ہے۔

اے آئی سی ڈبلیو اے کا بیان

اے آئی سی ڈبلیو اے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامرکو دلجیت دوسانجھ کی آنے والی فلم ’سردار جی تھری‘ میں شامل کرنے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ دلجیت دوسانجھ اور فلم پروڈیوسرز نے پہلگام حملے کے باوجود ہانیہ عامر کو فلم میں شامل کیا، جسے تنظیم نے پاکستانی سرپرستی میں ہونے والا دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔

فلمی تنظیم کے مطابق پاکستانی فنکاروں کو بھارتی فنکاروں پر ترجیح دینا دلجیت دوسانجھ کی وفاداری اور ترجیحات پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

اے آئی سی ڈبلیو اے نے دلجیت دوسانجھ کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہوئے تمام بھارتی پروڈیوسرز، پروڈکشن ہاؤسز، میوزک کمپنیوں، ایونٹ آرگنائزرز اور فلمی کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ پیشہ ورانہ سطح پر دلجیت دوسانجھ سے کسی بھی قسم کا تعلق نہ رکھیں۔

تنظیم نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ مختلف فلمی یونینز، ورکرز ایسوسی ایشنز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے رابطہ کرے گی تاکہ اس بائیکاٹ کو مؤثر بنایا جا سکے۔

ایک ویڈیو بیان میں سیاستدان اور اے آئی سی ڈبلیو اے کے صدر سریش شیام لال گپتا نے ہانیہ عامر کو دہشت گرد قرار دیا اور دلجیت دوسانجھ پر دہشت گرد ملک کے ساتھ کام کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

ایف ڈبلیو آئی سی ای کا بائیکاٹ کا اعلان

دوسری جانب ایف ڈبلیو آئی سی ای کے صدر بی این تیواری نے ہانیہ عامر کے ساتھ کام کرنے پر دلجیت دوسانجھ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک پاکستانی اداکارہ کے ساتھ کام کر کے دلجیت نے بھارتی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

ہندوستان ٹائمز سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ فلم بھارت میں ریلیز نہیں ہو رہی، لیکن اگر ریلیز کی کوشش کی گئی تو ہم اسے روک دیں گے۔

بی این تیواری کا مزید کہنا تھا کہ ہم دلجیت دوسانجھ کے آئندہ ریلیز ہونے والے تمام گانوں، فلموں اور دیگر منصوبوں پر مکمل پابندی کا اعلان کر رہے ہیں اور آج ہی اس پر باضابطہ خط جاری کریں گے۔

بعدازاں فلم کے پروڈیوسرز پر بھی یہی پابندی عائد کی جائے گی۔

ایف ڈبلیو آئی سی ای نے بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور سخت اقدام اٹھائیں اور اس معاملے کو قومی سوگ کے دوران شرمناک غداری قرار دیا۔

بیان میں بھارتی فلم انڈسٹری کے تمام اداروں، او ٹی ٹی پلیٹ فارمز، نمائش کاروں اور ڈسٹری بیوٹرز سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دلجیت دوسانجھ اور فلم کی تخلیقی ٹیم سے کسی بھی قسم کا تعلق ختم کر دیں۔

اشوک پنڈت کی شدید تنقید

انڈین فلم اینڈ ٹیلی ویژن ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن کے صدر اشوک پنڈت نے دلجیت دوسانجھ کو مسلسل قوانین توڑنے والا شخص قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ وہ ہمیشہ پاکستانی فنکاروں، گلوکاروں اور اداکاروں کو فروغ دیتے رہے ہیں۔

انہوں نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بہت سنگین ہے، جب پوری انڈسٹری ایک بات پر متفق ہے اور جب معاملہ قوم کی سالمیت اور داخلی سلامتی کا ہو، تب بھی دلجیت دوسانجھ کا وہی عمل دہرانا ناقابلِ قبول ہے۔

فلم ’سردار جی تھری‘ کا ٹریلر اور پاکستان کا ردعمل

فلم ’سردار جی تھری‘ کا ٹریلر اتوار کے روز ریلیز ہوا، جس میں ہانیہ عامر کو مرکزی اداکارہ کے طور پر پیش کیا گیا۔

دلجیت دوسانجھ نے بغیر کسی وضاحت کے یہ ٹریلر اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جسے بھارتی فلمی اداروں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پاکستان میں شوبز شخصیات نے ہانیہ عامر کی بھارتی فلم میں شمولیت کو تاریخی قرار دیا ہے اور اسے فن کے ذریعے سرحدوں سے بالاتر تعاون کی ایک اچھی مثال کہا ہے۔

ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی تھری‘ کا گانا ’سوہنی لگدی‘ ریلیز

احد رضا میر اور دنانیر مبین کی شادی کی تقریب میں مشترکہ شرکت، صارفین کا ملاجل ردعمل

بیٹی خود مختار ہے، بڑھاپے کا سہارا بننا اس کی ذمے داری نہیں، عفت عمر