ہانیہ عامر کی فلم ’سردار جی تھری‘ کا گانا ’سوہنی لگدی‘ ریلیز

شائع June 24, 2025
— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

مقبول اداکارہ ہانیہ عامر کی آنے والی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کا گانا ’سوہنی لگدی‘ ریلیز کردیا گیا، جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگیا۔

’سوہنی لگدی‘ میں ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے اور مداحوں کو دونوں کی جوڑی بے حد پسند آرہی ہے۔

گانے کی شاعری ظفر سندھو نے لکھی ہے جب کہ اس کی موسیقی مکس سنگھ نے ترتیب دی ہے، گانے کی ویڈیو میں ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو دلکش پہاڑی مناظر میں رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے۔

’سوہنی لگدی‘ کو دلجیت دوسانجھ نے گایا ہے، گانے میں ہانیہ عامر کو ساڑھی جب کہ دلجیت دوسانجھ کو روایتی پنجابی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔

گانے کی ویڈیو 23 جون کو ریلیز کی گئی اور شائقین نے ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی جوڑی کو خوب سراہا۔

گزشتہ دنوں فلم کا ٹریلر ریلیز کیا گیا جس میں ہانیہ عامر کی موجودگی نے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔

مختصر دورانیے کے اس ٹریلر میں ہانیہ عامر کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے، جو کہ دلجیت دوسانجھ کی محبت کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ٹریلر کے ساتھ فلم کی ٹیم نے اعلان کیا کہ ’سردار جی تھری‘ کو بھارت کے علاوہ بیرونِ ممالک میں 27 جون کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم کے ٹریلر ریلیز ہونے سے قبل ہانیہ عامر نے اس فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ بیان نہیں دیا تھا، تاہم ٹریلر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے تصدیق کی کہ فلم 27 جون کو بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

ممکنہ طور پر فلم کی بھارت میں نمائش نہ ہونے کی وجہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی ہے، جس کے تحت بھارتی حکومت پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کرچکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 6 جولائی 2025
کارٹون : 5 جولائی 2025