تنصیبات پر حملے کے بعد جوہری پروگرام کا تسلسل یقینی بنانے کے اقدامات کرلیے، ایران
ایرانی حکومت نے منگل کے روز کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے بعد بھی اس نے اپنے جوہری پروگرام کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کرلیے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم نے ضروری اقدامات کر لیے ہیں اور حملوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ تنصیبات کو دوبارہ فعال کرنے کے منصوبے پہلے سے تیار کرلیے گئے تھے، اور ہماری حکمت عملی یہ ہے کہ پیداوار اور خدمات میں کوئی رکاوٹ نہ آئے’۔
یاد رہے کہ امریکا نے اتوار کو ایران کی فردو، اصفہان اور نطنز میں واقع یورینیم افزودگی کی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان حملوں کو ’شاندار فوجی کامیابی‘ قرار دیا تھا، تاہم اب تک نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ایک مشیر نے کہا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی افزودہ یورینیم کے ذخائر موجود ہیں اور یہ کھیل ابھی ختم نہیں ہوا۔
اسرائیل نے پیر کے روز اعلان کیا تھا کہ اس نے ایک بار پھر فردو کی اس تنصیب کو نشانہ بنایا ہے جو تہران کے جنوب میں ایک پہاڑ کے نیچے قائم ہےتاکہ رسائی کے راستوں کو مسدود کیا جا سکے۔