ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ: پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے چائنیز تائپے کو شکست دی تھی، سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں کا مقابلہ میزبان ملائیشیا سے ہوگا۔
پاکستان نے ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
ملائیشیا میں جاری دوسری ایشین ڈبلز اسکواش چیمپئن شپ کے کوارٹرفائنل میں پاکستان کے نور زمان اور ناصر اقبال کی جوڑی کورین پیئر کو ایک کے مقابلے میں دو سیٹس سے شکست دےکر سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔
پاکستانی کھلاڑی ناصر اقبال اور نور زمان کی جوڑی نے جیانگ من ریو اور جائیجن یو کی جوڑی کو شکست دی اور پاکستان کا جیت کا اسکور 11۔3، 5۔ 11 اور 11۔ 4 رہا۔
سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑیوں کا مقابلہ میزبان ملائیشیا سے ہوگا۔
اس سے قبل، اپنے آخری گروپ میچ میں پاکستان نے چائنیز تائپے کو شکست دی تھی۔
دوسری جانب، ٹیم منیجمنٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کھلاڑیوں کا اعتماد بلند ہے اور ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ آئندہ میچز میں بھی جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔