پاکستان

’مائنس‘ عمران خان کیلئے ہماری لاشوں سے گزرنا پڑے گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منصوبہ تھا کہ کسی طرح صوبائی بجٹ منظور نہ ہو تاکہ صوبے میں مالیاتی ایمرجنسی اور گورنر راج لگا کر ہماری حکومت گرائی جا سکے، علی امین گنڈاپور

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کو گرانے کی سازش ہورہی تھی لیکن بجٹ منظور کرکے انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی واحد حکومت کو ختم ہونے سے بچا لیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ایک منصوبہ تھا کہ کسی طرح صوبائی بجٹ منظور نہ ہو، تاکہ صوبے میں مالیاتی ایمرجنسی اور گورنر راج لگا کر ہماری حکومت گرائی جا سکے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مائنس کرنے کے لیے ہماری لاشوں پر سےگزرنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ 18 جون کو پیش کیا گیا تھا جو 23 جون کو صوبائی اسمبلی سے منظور کروا لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے 18 جون کو اپنی بجٹ تقریر کے دوران کہا تھا کہ اگر بجٹ تجاویز پر عمران خان سے ملاقات نہ کروائی گئی تو صوبائی بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔

تاہم ان کی عمران خان سے ملاقات تو نہ ہو سکی لیکن صوبائی بجٹ پیر کی شب منظور کر لیا گیا۔